کاروار:13/جولائی (ایس اؤ نیوز) بدھ کی صبح مصدقہ خبر پر کارروائی کرتے ہوئے ہلیال ڈی وائی ایس پی موہن پرساد کی قیادت میں پولس نے عوامی تعاون سے بین ریاستی چوروں کو گرفتارکرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
صبح سویرے اجگاؤں دیہات کے شیواجی والیکر نامی شخص کے گنےکے کھیت میں لٹیرے پناہ لینے کی اطلاع پاتے ہی متحرک ہوئی پولس اجگاؤں اور کیسرولی عوام کے تعاون سے جال بچھا کر بین ریاستی 4ڈکیتوں کو گرفتارکرلیا جن کی شناخت مدھیہ پردیش کے الی راج پور ضلع جوبٹ اور بوری تعلقہ جات کے چوڑی گتی ، پلتلو، بڈی ہتی دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے بہادر سنگھ رام چند بلوال ، گرام پانسنگھ اجنر، سورب دولو اور سورم کالیا میناوٹ کے طورپر کی گئی ہے۔ ملزمین سے پوچھ تاچھ کے بعدا نہیں عدالت میں پیش کیاگیا ہے ۔پولس کے مطابق گرفتارشدگان سے لوٹ مار کے لئے استعمال کئے جانےو الے اشیاء اور چوری و لوٹ کے سامان کو برآمد کرتے ہوئے ضبط کرلیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق انہی لٹیروں نے اسی سال 12جون کی علی الصبح 3بجے کے قریب ہلیال شہر کے آنیگوندی علاقہ کے ایک گھر میں گھس کر گھروالوں کو ڈرادھمکا کر لاکھوں روپیہ مالیت کے زیورات لوٹنے اور ہلیال کے بیلگام روڈ پر واقع ایک گھر سے بھی لاکھوں روپیے کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ان دونوں واقعات کو لے کر پولس تھانے میں کیس بھی درج ہے۔
6جولائی کو ہلیال کے کاویری فاسٹ فوڈ کے قریب سے ہونڈا شائن بائک اور 2نمبر اسکول سے نزدیک ایک گھر سے لاکھوں روپئے کے زیورات چوری ہونے کے متعلق بھی پولس تھانےمیں کیس درج ہواہے۔ ڈانڈیلی کے ڈی وائی ایس پی موہن پرساد کی قیادت میں ہلیال کے سی پی آئی سریندر ہولینور ،ڈانڈیلی شہر کے پی ایس آئی ایس این پُٹےگوڈا سمیت محکمہ کا عملہ اور دیہی عوام کارروائی میں شریک تھے۔ بین ریاستی لٹیروں کو گرفتار کرنے والی پولس ٹیم کو ضلع ایس پی ونایک پاٹل نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نقد انعام کااعلان کیا ہے۔